کراچی میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 14 مزدور جاں بحق
کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 14 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ فیکٹری پہنچ گیا اور آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں تاہم آگ اس قدر شدید تھی کہ فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کے اندر متعدد مزدوروں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ فیکٹری میں اندر دھواں بھر جانے کے باعث مزید افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے، اس لئے فیکٹری کی دیواریں گرانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے اب تک14 مزدوروں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ زخمی ہونے والے مزدوروں میں سے 2 دم توڑ چکے ہیں، فیکٹری میں دھویں کے باعث اندر جانا ممکن نہیں جبکہ ایک فائر فائٹر بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا ۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور محکمہ لیبر سے تفصیلات طلب کرلی ۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مدد کرنے اور زخمیوں کا علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed on this story.