Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکی صدر جو بائیڈن کی کابل ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

واشنگٹن :امریکی صدر جو بائیڈن نے کابل ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے...
شائع 27 اگست 2021 09:17am

واشنگٹن :امریکی صدر جو بائیڈن نے کابل ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان میں اضافی فورسز کی ضرورت پڑی تو بھیجی جائے گی، ہم مقرر وقت تک زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے انخلا ءکی کوشش کریں گے۔

افغانستان کی صورتحال پرجوبائیڈن نے خطاب کیا ،امریکی صدر نے کابل ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر آبدیدہ ہوگئے۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ حملہ آوروں کوہرگزمعاف نہیں کریں گے، ہم یہ حملہ کبھی نہیں بھولیں گے، کابل دھماکوں میں ہلاک ہونے والے ہمارے ہیروز ہیں، جنہوں نے حملہ کیا وہ اس کی قیمت چکائیں گے اور ہم انہیں طاقت سے جواب دیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ کابل حملے کا داعش کو جواب دیا جائے گا، جواب کب اور کس وقت دینا ہے اس کا فیصلہ امریکا کرے گا۔

اپنے خطاب میں امریکی صدر کا مزیدکہنا تھا کہ ہم حملہ کرنے والوں کا پیچھا کر کے شکار کریں گے، افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی ہیرو ہیں، امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کیلئے جان دی۔

صدر جوبائیڈن نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ سے انخلاء کا عمل احسن طریقے سے جاری تھا، گزشتہ 12 گھنٹوں میں 7 ہزار افراد کا انخلا ءکیا گیا۔

امریکی صدرکا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردوں سے نہیں ڈریں گے، انخلا کا عمل جاری رہے گا، 31 اگست تک امریکی شہریوں کا انخلا مکمل کرلیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل ایئرپورٹ کے قریب دھماکوں کے نتیجے میں بچوں اور امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک اور 140 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Joe Biden

US President

terrorist attack

condemns

Washington

Kabul airport