Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہورہائیکورٹ نے حکومت کو شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیر ترین کی...
شائع 10 اگست 2021 02:47pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیر ترین کی شوگر ملز کی درخواست پر حکومت کو مشروط طورپرشوگر ملز کیخلاف آئندہ سماعت تک تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما ءجہانگیر ترین کی شوگر ملز نےچینی کی قیمتیں مقرر کرنے کیخلاف درخواست دائر کی جس میں وفاقی و صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ نے چینی کا ریٹ مقررکرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا مؤقف سننے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو سنا ہی نہیں گیا اور حکومت نے چینی کی نئی قمیت 89.50 روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ حکومت کے مقررہ نرخ پر چینی فروخت کرنا ممکن نہیں لہٰذا چینی کی قیمت 89.50 روپے مقرر کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے جے ڈی ڈبلیو اور جے کے شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی جس کے بعد عدالت نے حکومت کو مشروط طور پر شوگر ملز کیخلاف آئندہ سماعت تک تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

عدالت نے شوگر ملز کو چینی کی قیمت میں فرق کے برابر مچلکے کین کمشنر کو جمع کروانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کرکے مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا جبکہ کین کمشنر کو بھی شوگر ملز کی چینی کی سپلائی کا ریکارڈ مکمل رکھنے کا حکم دیا۔

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

LHC

lahore

Jahangir Tareen