Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صارم اختر کی میم کو "میوزم آف میمز" میں جگہ مل گئی

مایوسی کی میمز پر راج کرنے والے پاکستانی صارم اختر کو کرکٹ کے...
شائع 02 اگست 2021 11:39am

مایوسی کی میمز پر راج کرنے والے پاکستانی صارم اختر کو کرکٹ کے تمام فینز جانتے ہی ہیں۔ تاہم، اب انہوں نے ہانگ کانگ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

ہانگ کانگ کے میوزیم آف میمز میں صارم اختر کی مشہور زمانہ "ڈس اپوئنٹڈ گائے" میم کو جگہ مل گئی ہے۔ جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میچ کے دوران جب باؤنڈری پر کھڑے آصف علی نے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کا ایک نسبتاً آسان کیچ چھوڑا تو کیمرہ مین نے عین اسی لمحے چند قدم پیچھے کھڑے ایک تماشائی کے تاثرات عکس بند کر لیے جو حسرت و یاس کی تصویر بنے پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کر رہے تھے۔

انگلینڈ کے شہر لندن میں رہنے والے پاکستانی شہری محمد صارم اختر 3 گھنٹے سے زائد کا سفر کر کے اپنے دوستوں کے ساتھ میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے تھے اور خاصے پرجوش تھے۔

لوگوں کو صارم اختر کے یہ تاثرات ایسے بھائے کہ سوشل میڈیا پر دھڑا دھڑ اس پر میمز اور لطیفے بن گئے اور وہ راتوں رات انٹرنیٹ سلیبرٹی بن گئے۔

صارم اختر نے راتوں رات ملنے والی اس شہرت کے بارے میں کہا کہ وہ خود بھی اپنے ڈھیر سارے میمز دیکھ چکے ہیں اور انہیں اس پہ کافی حیرت بھی ہے اور خوشی بھی، انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ان کے تاثرات راتوں رات اتنے مشہور ہو جائیں گے۔

اپنے تاثرات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کی نظر میں یہ ایک آسان کیچ تھا جو ایک لمحے کے لیے تو آصف کے ہاتھ میں تھا لیکن اگلے ہی لمحے زمین پر تھا جس سے انہیں شدید مایوسی ہوئی۔

Hong Kong