Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی،330ملی میٹر بارش ریکارڈ

اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی، اگلے پچھلے سارے...
شائع 28 جولائ 2021 01:10pm

اسلام آباد میں بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی، اگلے پچھلے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ، چند گھنٹوں کے دوران 330ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،پانی گھر وں میں داخل ہوگیا ،سڑکیں تالاب بن گئیں اورمتعددگاڑیاں پانی میں بہہ گئیں،ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکیلئے پاک فوج اوردیگرادارےبھی میدان میں آگئے۔

موسلادھار بارش نے راولپنڈی اوراسلام آباد میں تباہی مچا دی،اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلاب آگیا،شہر اقتدارکے کئی علاقے آگئے زیر آب گئے،سیدپور میں 123 اورگولڑہ میں 103 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔

اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی میں داخل ہوگیا، موسلادھار بارش سے نالہ لئی بھپر گیا، پانی کی سطح 19 فٹ تک پہنچ گئی، گوالمنڈی اور نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاک فوج کےجوان بھی میدان میں آگئے ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اہم مقامات پر پوزیشن سنبھال لی۔

مزید بارش اور صورتحال گھمبیر ہونے کے باعث گوالمنڈی میں نالہ لئی کے اطراف تاجروں کو دکانیں خالی کرنے اور مقامی آبدی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

موسلادھار بارش نے سیکٹر ای الیون میں تباہی مچا دی، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا، پانی کی سطح بلند ہونے سے گاڑیاں بھی بہنے لگی۔

سیلابی صورتحال سے نمنٹے کے انتظامات پر شہریوں نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد نے بھی تصدیق کی ہے کہ بادل پھٹنے کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے،سیکٹر ای الیون سمیت متعدد علاقوں کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔

اسلام آباد

Rain

flood