Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے: شہزادہ فیصل بن فرحان

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ...
شائع 27 جولائ 2021 02:10pm

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ علاقائی معاملات پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی ہے اور دونوں ممالک سمجھتے ہیں کہ پرامن خطے کے لیے سیکیورٹی اور استحکام بہت اہم ہے۔

منگل کی دوپہر اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ منگل کو ہونے والے ’مذاکرات میں یمن، افغانستان، کشمیر اور فلسطین جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’پاکستانی ہم منصب سے علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تمام امور پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔‘ خواہ جموں و کشمیر کا مسئلہ ہو، یا فلسطین کا ہم نے اپنے موقف کو کوارڈنیٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم خطے میں امن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘

سعودی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران سعودی معیشت کے لیے پاکستانیوں کے کردار کی بہت تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی ہم منصب سے انہوں نے اس پر بھی بات کی ہے کہ کس طرح ہم کمیونٹی کو دستیاب مواقع کو وسعت دیں سکے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

’ہم نے اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کو بڑھانے پر خصوصی تبادلہ خیال کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وژن 2030 تبدیلی کا مظہر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تہذیبی روابط کا فروغ چاہتے ہیں اور مذہبی تعلقات کے ساتھ ساتھ کلچرل تعلقات کے فروغ کے خواہشمند ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ کی وزارتِ خارجہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

وزارت خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔

وزارت خارجہ کے مطابق ’ان مذاکرات میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ’پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب اور خادمین حرمین شریفین کے لیے والہانہ عقیدت پائی جاتی ہے، اس لیے ہم سعودی عرب کی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو اپنی ترقی سے تعبیر کرتے ہیں۔‘

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔‘

پیر کو پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔‘

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ہمراہ سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کا وفد موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے رواں سال مئی میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سیاسی، معاشی، تجارتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل ہے جس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ہوا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔‘

Shah Mehmood Qureshi

پاکستان

Faisal Bin Farhan Al Saud