Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود آج پاکستان آئیں گے

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود آج ایک روزہ ...
شائع 27 جولائ 2021 09:42am

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود آج ایک روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان 27 جولائی بروز منگل کو پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران پاک سعودی تعلقات، خطے، بین الاقوامی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ شہزادہ فیصل کا ایک سال میں پاکستان کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہو گا۔ قبل ازیں انہوں نے دسمبر 2020ء میں پاکستانی قیادت کے ساتھ بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ آئندہ ہفتے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ وہ پاکستانی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ سے متعلق بات چیت کریں گے۔

سعودی سفارت خانہ کے عہدہ دار نے بتایا کہ شہزادہ فیصل کی منگل کو اسلام آباد میں آمد متوقع ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کا تسلسل ہے۔ اس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے ہوا تھا اوراس کے بعد پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

ولی عہد شہزادہ محمد کے فروری 2019ء میں اسلام آباد کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں 20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے کیے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مئی میں پاکستان کے وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

سعودی وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پر ان سمجھوتوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

Shah Mehmood Qureshi

پاکستان

Faisal Bin Farhan Al Saud