Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پور کے مریم نواز پر 'نامناسب' الفاظ میں حملے

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ ...
شائع 24 جولائ 2021 10:05am

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز نے ہمارے پیسوں پر آٹھ کروڑ کی سرجری کرائی، سرجری اتار کر اصل چہرا قوم کے سامنے لے آؤں گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا، 'ڈاکو رانی مریم کہتی ہے جیسا منہ ویسا تھپڑ، میرے پاس ایسی باتیں ہیں کہ تمہارے منہ پر تھپڑ پڑیں گے۔ او ڈاکو رانی مریم! تمہارے منہ پر اتنے تھپڑ پڑیں گے کہ تمہاری 8 کروڑ کی سرجری اتر جائے گی جو تم نے ہمارے پیسوں سے کروائی ہے۔'

انہوں نے کہا، 'مریم سنو، تیرا دادا لوہار تھا، تمہاری بیٹی کی شادی پر تمہارے باپ نواز شریف نے مودی کو بلایا، اس وقت نظر نہیں آیا کہ مودی کشمیر میں نوجوانوں کو مار رہا ہے، ہماری بیٹیوں کی عصمت دری کررہا ہے، تم نے اس دن تیار ہو کر 32 کلو سونا پہنا ہوا تھا، تمہارے دادے کی گوالمنڈی دکان میں اتنا لوہا نہیں تھا جتنا تم نے سونا پہنا ہوا تھا، یہ ہمارے پیسوں کا سونا ہے۔'

علی امین نے بلاول کو بھی نشانے پر لیتے ہوئے کہا، 'بلاول بھٹو جو زرداری کے حرام کے پیسوں پر پلا ہوا ہے یہ اب امریکا گیا ہوا تھا، اس کی یہ حیثیت ہے کہ جب عمران خان نے کہا خودداری پر کمپرومائز نہیں کروں گا اور جواب دیا کہ ایبسولیوٹلی ناٹ، یہ بلاول امریکا چلا گیا اور ہماری بے عزتی کروا دی، وہاں کسی نے اس سے ملاقات تک نہیں کی، یہ ان کی اوقات ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے علی امین گنڈاپور کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے والوں کی زبانیں کھینچ لیں گے، زبان کو لگام نہ دی تو پاک پتن سے کیلی فورنیا تک کی کہانیاں قوم کو سنائیں گے، عوام دیکھ لیں کہ کس معیار کے لوگ ان کے علاقے میں آئے، عمران خان نے قوم کو گالم گلوچ کا گندا کلچر دیا۔ گندے وزیر کی گندی ذہنیت اور گندی زبان آزاد کشمیر میں ڈی چوک والا گند پھیلا رہی ہے ۔

دوسری طرف وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی میں کشمیر الیکشن کے حوالے سے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ مریم نواز آزاد کشمیر کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کر رہی ہیں، ہمیں مریم نواز اور بلاول بھٹو سے کوئی خطرہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مریم نواز عمران خان کا نام احترام سے لیا کریں۔

انہوں نے کہا میرا ذاتی تجزیہ ہے کشمیر الیکشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے ووٹ مسلم لیگ ن سے زیادہ ہوں گے لیکن یہ سب الیکشن ہاریں گے اور اسلام آباد میں احتجاج کریں گے۔ شیخ رشید نے کہا بلاول بھٹو دل کا جانی ہے اس کے خلاف بات نہیں کرنی۔

Maryam Nawaz

Ali Amin Gandapur