کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا مطالبہ
کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کامطالبہ کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ،جس میں وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کے ذریعے پی ٹی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلے کے حوالے سے آگاہ کرتےہوئے بتایا کہ وہ خط میں مطالبہ کریں گے کہ پی ٹی اے تمام لوگوں کو پیغام بھیجے کہ وہ ویکسین کروائیں، جو لوگ پیغام موصول ہونے کے بعد ایک ہفتے کے دوران ویکسین نہ کروائیں اُن کی موبائل سم بلاک کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این سی او سی کو سندھ حکومت کا فیصلہ کمیونیکیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگلے ماہ سے ان سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کیا جائے گا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔
اس اقدام پرعملدرآمد کیلئے وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری فنانس کو اے جی سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت دے دی۔
بعد ازاں سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ کے بیان کی توثیق کرتے ہوئے ایک پیغام میں بتایا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ویکسین نہ کراونے والوں کی موبائل فون سم بلاک کرانے کی سفارش کی جائے گی۔
#SindhGovt has decided to write to NCOC & PTA that mobile sims of unvaccinated people should be blocked
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) July 23, 2021
Comments are closed on this story.