Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

'نواز شریف کے دور اقتدار میں بطور اپوزیشن لیڈر عمران خان کا فون ہیک کیا گیا'

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ نواز...
شائع 20 جولائ 2021 07:07pm

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور اقتدار میں بطور اپوزیشن لیڈر عمران خان کا فون ہیک کیا گیا۔نواز شریف اور مریم صفدر جواب دیں کہ عمران خان کا فون کیوں ہیک کیا گیا۔ نواز شریف کی تاریخ رہی ہے کہ وہ سیاستدانوں،جرنیلوں،ججز اور انٹیلیجنس اداروں کے سربراہان کے فون ٹیپ کراتے رہے ہیں۔

سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب کاکہنا تھا کہ مودی اور نواز شریف کی اتنی گہری دوستی تھی کہ مودی کی حلف برداری تقریب میں شریک ہو کر حریت راہنماؤں سے نہیں ملتے۔

انہوں نے کہا فون ہیک کرنے کے معاملے پر جلد بہت سے کردار بے نقاب ہو جائیں گے۔جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو انہیں عمران خان نے ہی کرپشن اسکینڈلز پر چیلنج کیا ہوا تھا۔جس طرح مودی اپنی اپوزیشن کے فون ہیک کرا رہا تھا اسی طرح نواز شریف نے اپنی اپوزیشن کے فون ہیک کرانے کے لئے مودی کی خدمات لیں اوراسرائیلی سافٹ ویئر کے ذریعے عمران خان کا فون ٹیپ کرایا گیا۔

وزیرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ آج کل نواز شریف کی صاحبزادی کشمیر میں جاکر الیکشن مہم چلا رہی ہیں لیکن مودی کے مظالم اور آر ایس ایس کا ذکر مریم صفدر کی زبان پر نہیں آرہا۔مریم یہ تو بتائے کہ فون ہیک کرانے پر جو گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے اس میں نواز شریف کا کیا عمل دخل ہے، ان سوالات کے جوابات درکار ہیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ تک چونکہ رسائی ممکن نہ تھی اس لئے اسرائیلی سافٹ ویئر کی مدد حاصل کی گئی۔ نواز شریف حکومت کے وزیر دفاع کے بھی اسرائیل سے تعلقات تھے اس میں ان کی مدد بھی شامل ہوگی۔

Farrukh Habib

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

imran khan

State Minister