Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

احتساب عدالت کوئٹہ: جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو مجموعی طور پر 12 سال قید، 10 کروڑ روپے جرمانہ

احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان...
شائع 29 جون 2021 06:13pm

احتساب عدالت کوئٹہ نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانےکا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو مجموعی طور پر 12سال قید اور 10کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب اللہ داد روشان نےنیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی۔

نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نےملزمان کے خلاف تحقیقات کاآغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ضلع جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی کی حیثیت سے مختلف پی آر سی سینیٹرز سے صرف کاغذات کی حدتک گندم کی بوریاں خریدیں۔

محکمہ خوراک کےگودام کے ریکارڈ اور فیلڈ وزٹ سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ملزم سعید احمد مینگل اور امیر بخش کھوسہ نے ملی بھگت سے گندم کی بوریاں ناتو خریدیں اور ناہی محکمہ خوراک کے گودام میں جمع کروائیں ۔ اس طرح ذاتی فائدے اور کرپشن کے ذریعے ملزمان نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

نیب بلوچستان ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

quetta