کراچی سمیت سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کا آج سے آغاز
کراچی سمیت سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز کا آج سے آغاز ہوگیا جبکہ پہلی سے پانچویں جماعت کی کلاسز 21جون سے شروع ہوں گی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے اسکولز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئے، اسکولوں میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک آج سے تدریسی عمل شروع ہو گیا ،بچوں کی اسکول آمد کے موقع پر کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا گیا ہے۔
کلاس رومز میں طلباء کو کورونا ایس او پیز کے تحت فاصلے سے بٹھایا گیا ہے،اس موقع پرطلباء، اساتذہ اور دیگر عملے نے ناک اور منہ کو ماسک سے ڈھانپ کر بھی رکھا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صورتِ حال بہتر رہی تو پرائمری کلاسز 21 جون سے کھل جائیں گی، صوبے میں اب صرف اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔
سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کی بہتری پر پانچویں تک تدریسی عمل 21 جون سے شروع ہوگا۔
سعید غنی نے بتایا کہ تمام کلاسوں میں حاضری کا تناسب 50 فیصد ہو گا، اسکولوں کے تمام عملے کی ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان تمام معاملات کی کورونا وائرس کی ٹاسک فورس کےاجلاس میں منظوری دی گئی ہے۔ وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے جو شخص ویکسی نیشن نہیں کرائے گا اس کے موبائل فون کی سم بند کر دی جائے گی۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا پابندیوں میں آج سےنرمی کا آغاز ہو گیا ہے،آج سے دفاتر میں 100 فیصد حاضری ہو گی، بازار ہفتے میں صرف ایک روز بند رہیں گے۔
Comments are closed on this story.