Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سی ای او ہیلتھ کئیر کمیشن کو تو گھر چلے جانا چاہیئے، چیف جسٹس کا اظہار برہمی

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں غیرمعیاری اسٹنٹس سے متعلق کیس میں چیف...
شائع 26 مئ 2021 01:22pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں غیرمعیاری اسٹنٹس سے متعلق کیس میں چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صرف ایک سرٹیفائیڈ کارڈیک ڈاکٹر ہے،سی ای او ہیلتھ کئیر کمیشن کو تو گھر چلے جانا چاہیئے، غیرمعیاری اسٹنٹ مریضوں کو ڈالے جارہے ہیں،کاروباری لوگوں نے پیسہ کمانے کا ذریعہ بنالیا ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے غیرمعیاری اسٹنٹس سےمتعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران خیبرپختونخوا میں صرف ایک سرٹیفائیڈ کارڈیک ڈاکٹر کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا،جس پر عدالت نے سی ای او صوبائی ہیلتھ کیئرکمیشن پر برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک سرٹیفائیڈکارڈیک ڈاکٹرکاہونا حیران کن ہے،صوبے میں گزشتہ ایک سال میں امراض قلب کے4ہزار615 علاج کیسے ہو گئے؟،سی ای او ہیلتھ کیئرکوتو گھر چلے جانا چاہیئے،کیا سی ای او خیبرپختوخوا ہیلتھ کیئر کمیشن یہاں تفریح کرنےآئے ہیں؟۔

سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے میں40سرٹیفائیڈ ڈاکٹرز ہونے کا بتایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ40 سرٹیفائیڈ ڈاکٹرز تو صرف لاہور میں ہونے چاہئیں۔

جسٹس مظاہرعلی نے ریمارکس دیئے کہ امراض قلب کامعاملہ پروفیشنل ڈاکٹرزکےہاتھوں سےنکل گیاہے،کاروباری لوگوں نےامراض قلب کو پیسہ بنانےکاذریعہ بنالیاہے۔

ڈاکٹر اظہر کیانی نےمؤقف اپنایا کہ ڈریپ نے این آئی سی بی کمیٹی کے منظوری شدہ اسٹنٹ کی منظوری نہیں دی، غیر معیاری اسٹنٹ مریضوں کو ڈالے جا رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز سے امراض قلب کے ڈاکٹرز رجسٹرڈ ہوں، غیر رجسٹرڈ اور غیر کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کو سرجری کی اجازت نہ دی جائے،مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جائے، غفلت کا ذمہ دار متعلقہ ہیلتھ کیئر کمیشن ہوگا۔

سپریم کورٹ نےاسٹنٹس سےمتعلق سندھ اور بلوچستان صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

Chief Justice

Supreme Court

اسلام آباد

Gulzar Ahmed