Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں رات 8بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد

کراچی :کورونا کو ڈاؤن کرنے کیلئے سندھ میں 2ہفتوں کا لاک ڈاؤن...
شائع 24 مئ 2021 12:08pm

کراچی :کورونا کو ڈاؤن کرنے کیلئے سندھ میں 2ہفتوں کا لاک ڈاؤن لگادیا گیا، سندھ حکومت نے رات 8بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کردی ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر بھرپورکارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔

ہوشیار،خبردار،غیرضروری گھومنےپھرنے اور باہر نکلنےوالے خیر منائیں!سندھ میں پابندیاں مزیدسخت کردی گئیں ،عوام کو رات 8 بجے کے بعد گھرسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق آج سے صوبے بھر میں کاروبار کے اوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے، ڈپارٹمنٹل اور سپر اسٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے،ریسٹورنٹس اورہوٹلزکوصرف ٹیک اووےکی اجازت ہوگی،جمعے اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا اورتمام دکانیں بندرہیں گی،دودھ کی دکانیں اوربیکریوں پر بھی رات 12بجےتالےلگانےہوں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کل سے رات 8 بجے کےبعد لوگوں کو غیر ضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بلاضرورت گھومنے پھرنےسے روکا جائے۔

ترجمان کے مطابق پارکس میں مغرب کے بعد لائٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو پابندیوں پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں جتنے بھی کیسز ہیں ان کا 50 فیصد سندھ میں ہیں، کراچی کے ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں ایس او پیز کی زیادہ شکایات مل رہی ہیں، ضلع شرقی میں کیے گئے ٹیسٹ کے 21 فیصد کیسز مثبت ہیں، جنوبی میں 16 فیصد، وسطی میں 10 فیصد کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں 11 فیصد، دادو 10 فیصد، سکھر میں 8 فیصد کیسز ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں خود سرپرائز دورے کروں گا، اگر اوقات کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کروں گا، اگر ہم نے دو ہفتے پابندیوں پر مکمل عمل کیا تو آگےآسانی ہوگی۔

coronavirus

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi

sindh

Ban

Corona Task Force