Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں...
اپ ڈیٹ 04 مئ 2021 01:47pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نےمسلم لیگ (ن)کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی ۔

اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ اور پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیئے ۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، مصدق ملک اور محمد زبیر کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل ،سعید غنی ، نیئر حسین بخاری اور فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن آئے۔

مسلم لیگ (ن) کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دوبارہ گنتی کے علاوہ تحقیقات اوردوبارہ انتخابات کی بھی استدعا کی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسران نے فارم 45پر دستخط نہیں کئے، الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنا ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایاکہ پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن نے کسی فورم پر کوئی شکایت نہیں کی، بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنی ہو گی، پانچ فیصد سے کم فرق پر دوبارہ گنتی ممکن ہے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے دونوں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ درخواست پر فیصلہ آج ہی سنائیں گے۔

ECP

اسلام آباد

by election

NA 249 Karachi

Miftah Ismail