جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع
لاہور کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف بیان دینے کے مقدمہ میں گرفتار لیگی رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کےجسمانی ریمانڈ میں چارروزکی توسیع کردی۔
ماڈل ٹاؤن کچہری لاہورکی جوڈیشل مجسٹریٹ زنیرہ ظفر نے کیس کی سماعت کی۔ٹاؤن شپ پولیس نے ملزم جاوید لطیف کو5روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ کی تفتیش مکمل کرنے کےلئے پولی گرافک ٹیسٹ لازمی ہے۔ مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
لیگی رہنماء جاوید لطیف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکا موکل اپنے بیان سے انکاری نہیں۔نیب آفس کے باہر مریم نواز کی گاڑی پر حملہ ہوا۔اس پر جاوید لطیف نے بیان دیا کہ مریم نواز کو کچھ ہوا تو ذمہ داروں کو سزا دلوائیں گے۔ جاوید لطیف نے پروگرام میں بیان کے دوران کہا کہ پاکستان کھپے کا نعرہ نہیں لگائیں گے، بغاوت نہیں یہ آزادی اظہار ہے جو ہر شہری کا حق ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے 7 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed on this story.