Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے249ضمنی الیکشن: سیاسی سرگرمیاں آج رات12 بجے ختم ہوجائیں گی

کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے سیاسی...
اپ ڈیٹ 27 اپريل 2021 01:21pm

کراچی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں آج رات 12بجے ختم ہوجائیں گی، خلاف ورزی کی صورت میں 2017 کی دفعہ 182کے تحت غیر قانونی عمل ہوگا جس پر الیکشن کمیشن کارروائی کرے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ضمنی انتخاب برائے این اے 249 ضلع غربی میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں اور اُمیدواروں سے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیاں پولنگ سے 48گھنٹے قبل 27 اور 28 اپریل درمیانی شب 12بجے ختم ہوجائے گی۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ وقت ختم کے بعد اگر کسی امیدوار نے الیکشن مہم جاری رکھی تو اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق سیاسی جماعتوں اور ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے اُمیدواروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانون پر عمل پیرا ہوں، تاکہ 29اپریل کو انتخاب منظم اور پُرامن طریقے سے منعقد ہوسکے۔

ECP

by election

NA 249 Karachi