Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکارہ شنایا کٹوے بھائی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار

انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ شنایا کٹوے کو سگے بھائی کے...
شائع 27 اپريل 2021 08:16am

انڈین فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ شنایا کٹوے کو سگے بھائی کے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شنایا کٹوے کا بھائی گزشتہ چند دنوں سے لاپتا تھا۔ ان کے اہلخانہ نے ان کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا اور پولیس کو درخواست کی تھی کہ وہ اسے ڈھونڈنے میں مدد کریں۔

ریاست کرناٹکا کی پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کرتے ہوئے شنایا کٹوے کے اہلخانہ اور دوستوں سے تفتیش کا عمل شروع کیا تو پتا چلا کہ اس کو قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا تو مقتول کی لاش کے ٹکڑے جنگل سے ملنا شروع ہو گئے۔ انڈین میڈیا کے مطابق شنایا کٹوے کے بھائی کو انتہائی بے دردی سے قتل کرکے اس کا سر تن سے جدا کر دیا گیا تھا جبکہ جسم کے بقیہ حصوں کے ٹکڑے کر دیئے گئے تھے۔

کرناٹک پولیس نے جب اس جرم میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کیا تو انکشاف ہوا کہ اس قتل کے پیچھے مبینہ طور پر شنایا کٹوے کا ہاتھ ہے اور وہی اس کی ماسٹر مائنڈ ہے۔

اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ویمن پولیس کے ذریعے شنایا کٹوے کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر 4 ملزمان بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔

گرفتار ملزمان نے پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ شنایا کٹوے کے بھائی کو اس کی لڑکوں سے دوستی پسند نہیں تھی، اس لئے ملزمہ نے تنگ آ کر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر پلان بنایا اور اپنے ہی سگے بھائی کو قتل کروا کے اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے جنگل میں پھینک دیئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ شنایا کٹوے، اس کے بوائے فرینڈ اور دیگر چاروں ملزمان کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Murder

Indian Actress