Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا کا پھیلاؤ، حکومت سندھ کا فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کے تحت حکومت سندھ نے پاک...
اپ ڈیٹ 25 اپريل 2021 09:35am

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کے تحت حکومت سندھ نے پاک فوج کی خدمات کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد سندھ حکومت متحرک ہو گئی ہے اور آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی خدمات کے لیے وزارت داخلہ کو خط کے ذریعے درخواست دے دی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج کی خدمات سول انتظامیہ کی مدد کے لیے درکار ہیں۔

حکومت سندھ کا خط میں کہنا ہے فوجیوں کی تعیناتی اور سازو سامان سے متعلق مشاورت کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے آج نیوز کے پروگرام روبرو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تیار ہے، وفاق چاہے یا نہ چاہے، کورونا کی صورتحال بدتر ہوئی تو لاک ڈاؤن کر دیں گے۔

پروگرام: روبرو

دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پُرہجوم مقامات پر فوج تعینات کردی گئی۔

فوجی جوان کورونا کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کی عکس بندی کررہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں بھی فوج کے ساتھ ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوجی اہلکاروں نے پولیس اور انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں اور شاپنگ اسٹورز کا دورہ کرکے وہاں موجود گاہکوں اور دکان داروں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے بھی پاک فوج کی خدمات مانگ لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پاک فوج کی 5 کمپنیوں کی خدمات مانگی گئی ہیں تاکہ پاک فوج کے جوان ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں۔

پاک فوج طلب کرنے کےلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا جس نے منظوری دے دی ہے۔ فوجی جوان لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں تعینات ہوں گے۔

covid 19 cases

sindh