Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس:شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن)کے...
اپ ڈیٹ 14 اپريل 2021 01:42pm

لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی،عدالت نے 50،50لاکھ روپے کے 2مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد گورال پر مشتمل 2رکنی بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وراثت سے حاصل رمضان شوگر مل کے علاوہ ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں، جو بھی بنایا گیا باہر سے آنے والی ٹی ٹیز سے بنایا گیا،شہباز شریف خود کو بےگناہ سمجھتے ہیں تو ٹرائل کورٹ میں بریت کی درخواست دائر کر دیں۔

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ نیب کے 110 گواہوں میں سے ایک نے بھی شہباز شریف کا نام لیا ہو تو ضمانت واپس لے لیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایف بی آر میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کروائی گئیں، ایف بی آر نے کیوں نہیں پوچھا کہ جائیداد آمدن سے زائد ہے، اگر ایف بی آر کے دائرہ اختیار میں آتا ہے تو نیب کیوں انکوائری کر رہا ہے۔

وکیل شہباز شریف نے کہا کہ میرے مؤکل کی 70 سال عمر ہے اور وہ اپوزیشن لیڈر ہیں، کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ شہباز شریف ملزم ہے۔

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے 50،50لاکھ روپے کے 2مچلکوں کے عوض شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کی۔

shahbaz shairf

LHC

lahore

Bail