ن لیگی رہنماء جاوید لطیف کی عبوری ضمانت میں 27 اپریل تک توسیع
لاہور کی سیشن کورٹ نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنماءجاوید لطیف کی عبوری ضمانت میں 27اپریل تک توسیع کردی،عدالت نے جاوید لطیف کی کورونا رپورٹ تصدیق کیلئے بھجواتے ہوئے قرار دیا کہ رپورٹ کی تصدیق نہ ہونے پر ایک اور مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج واجد منہاس نے ریاست مخالف بیان بازی سے متعلق کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی عبوری ضمانت کی سماعت کی۔
جاوید لطیف کے وکیل نے کورونا رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد جاوید لطیف نے خود کو قرنطینہ کر لیا ۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ درست نہیں لگ رہی اگر غلط ہوئی تو سزا بھی ہو سکتی ہے،جس پر جاوید لطیف کے وکیل نے کہا کہ رپورٹ کی تصدیق کروا لی جائے۔
عدالت نے کورونا رپورٹ کو تصدیق کیلئے ارسال کرنے کا حکم دیتے ہوئے، کورونا کی دوسری رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے جاوید لطیف کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
Comments are closed on this story.