Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

این اے 75ڈسکہ ضمنی انتخاب: الیکشن کمیشن نے حکمت عملی بنالی

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے...
شائع 08 اپريل 2021 03:03pm

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے حکمت عملی بنالی،پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران کیلئے اسمارٹ فون لازم قراردے دیا گیا اور افسران کو موبائل پر لوکیشن آن رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈسکہ میں پریذائڈنگ افسران غائب ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے آئندہ ضمنی انتخابات کیلئے لائحہ عمل اپنا لیا۔

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے تعینات پریذائڈنگ افسران کیلئے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران کے پاس اسمارٹ فون ہو گا، تمام پریذائڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر لے گا۔

پریذائڈنگ افسران فارم 45 کی تصویر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہوں گے۔

انٹرنیٹ اور سگنلز کی خرابی کی صورت میں پریذائڈنگ افسران نتیجہ لے کر ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے گا، فرانزک تفصیلات بھی ریٹرننگ افسر کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے 10اپریل کو میدان سجے گا

سیالکوٹ:قومی اسمبلی حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے 10اپریل کو میدان سجے گا، انتخابی مہم آج رات 12بجے ختم ہوجائے گی۔

سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کیلئے ری پولنگ 10اپریل کو ہونے جا رہی ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

حلقے میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی اور اس کے بعد کسی بھی قسم کی مہم چلانے پر جرمانہ اور قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 360 پولنگ اسٹیشنز کو 3کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے کیٹیگری اے میں 47 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز رکھے گئے ہیں،جن پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور ان کی نگرانی کیلئے 4کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔

کیٹیگری اے کے پولنگ اسٹیشنز کو سی سی ٹی وی کے ذریعے بھی مانیٹر کیا جائے گا جبکہ کیٹیگری بی میں 176 اورکیٹیگری سی میں 137 پولنگ اسٹیشنز رکھے گئے ہیں ۔

پولنگ کے عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئےپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

ECP

اسلام آباد

by election

Daska

NA 75