Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

'سوڈان کے ساتھ تعلقات کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے'

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے سوڈان کی جانب سے ماضی میں...
شائع 01 اپريل 2021 09:00pm

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے سوڈان کی جانب سے ماضی میں کیے جانے والے امریکا مخالف حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کےلئے بطور ہرجانہ ساڑھے 33 کروڑ ڈالرز کی رقم ادا کرنے کی تصدیق کردی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان نے گزشتہ سال امریکا کی دہشتگردی کی سرپرستی کرنےوالے ممالک کی فہرست سے اپنے نام کے اخراج کےلئے ہرجانے کےطورپرخطیررقم ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ سوڈان کے مرکزی بینک نے رقم بھی امریکا کو منتقل کردی تھی۔

انتھونی بلینکن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ معاوضے کی رقم سے متاثرین کے دکھوں اورالمیوں کا کچھ مداوا ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس چیلنج والے عمل کے بعد امریکا اور سوڈان ازسرنو دوطرفہ تعلقات کے نئے باب کا آغاز کرسکیں گے۔

بلنکن نے کہا کہ ہم سوڈان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے منتظر ہیں اور شہری قیادت میں عبوری حکومت کی سوڈانی عوام کو آزادی، امن اور انصاف دلانے کےلئے کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکتوبر2020 میں سوڈان کا نام دہشتگردی کے سرپرست ممالک کی فہرست سے خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کردہ فہرست میں شمالی کوریا،ایران اور شام کے نام بھی شامل ہیں۔

امریکا نے 1993 میں سوڈان کو سابق صدر عمرحسن البشیر کے دورحکومت میں دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والاملک قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ اس دور میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سوڈان میں مقیم تھے اور وہ کئی سال تک برطرف صدرعمر حسن البشیر کے مہمان رہے تھے۔

سابق ٹرمپ انتظامیہ کے آخری دنوں میں طے شدہ سمجھوتے کے تحت سوڈان عالمی بینک سے سالانہ ایک ارب ڈالر قرض وصول کرسکے گا۔

سوڈان اس طرح عالمی بینک سے تقریباً تین عشرے کے بعد رقم وصول کرے گا

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سوڈان پر 60 ارب ڈالرز کے غیرملکی قرضے واجب الادا ہیں۔

terrorism

Sudan