Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

امن کیلئے پاکستان کی کوششیں دنیا جانتی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن کیلئے...
اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021 01:58pm

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن کیلئے پاکستان کی کوششیں دنیا جانتی ہے، جب خطے میں امن ہو گا تو ہماری مضبوط علاقائی روابط کی سوچ آگے بڑھ پائے گی، جامع مذاکرات کے علاوہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں ہے۔

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس تاجکستان کے شہر دوشنبے میں شروع ہوگئی، کانفرنس میں افغانستان و تاجکستان کے صدورسمیت علاقائی ممالک کے وزرا ءشریک ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی کانفرنس میں موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی کانفرنس میں افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو اجاگر کریں گے اور علاقائی فریم ورک کے اندر، افغانستان کی ترقی اور روابط کیلئے حمایت پرزور دیں گے۔

بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی کانفرنس میں شریک ہیں تاہم ابھی تک پاک بھارت وزرائے خارجہ کی سائیڈلائن پر ملاقات طے نہیں پاسکی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کانفرنس کے حوالے سے کہنا تھا کہ امن کیلئے پاکستان کی کوششیں دنیا جانتی ہے، جب خطے میں امن ہو گا تو ہماری مضبوط علاقائی روابط کی سوچ آگے بڑھ پائے گی، جامع مذاکرات کے علاوہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں ہے، ایسا کرنا آسان ہو گا یقیناً مشکلات ہیں لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی کی دوشنبے میں آج افغان صدر و وزیرخارجہ سے ملاقات ہے جبکہ ان کی ترکی اور تاجکستان کے وزراخارجہ سے سائیڈلائن پر ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

دوشنبے:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ،جس میں دوطرفہ امور اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان صدر اشرف غنی سے دوشنبے میں منعقدہ "ہارٹ آف ایشیا” کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں پاک، افغان دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے، پاکستان جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حامی ہے اور سمجھتا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کے نتیجے میں مثبت پیشرفت افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

foreign minister

Shah Mehmood Qureshi

پاکستان

اسلام آباد

Dushanbe