Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیٹنگ کوچ یونس خان سکواڈ کو مچھلیاں پکڑنے کا سبق دیتے رہے

بیٹنگ کوچ یونس خان دورہ جنوبی افریقہ کے دوران سکواڈ کو مچھلیاں...
شائع 29 مارچ 2021 01:30pm

بیٹنگ کوچ یونس خان دورہ جنوبی افریقہ کے دوران سکواڈ کو مچھلیاں پکڑنے کاسبق دیتے رہے۔

پاکستانی بیٹنگ کوچ یونس خان نہ صرف پاکستانی سکواڈ کو بیٹنگ سے متعلق ہدایات دینے میں اچھے ہیں بلکہ جب ماہی گیری کی بات کی جاتی ہے تو وہ اس میں بھی ماہر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انسٹاگرام پر اپلوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں یونس خان کو سکواڈ کو مچھلیاں پکڑنے کا سبق دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کے کیپشن کے مطابق یونس خان نے جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا میں واقع سنچورین کے آئرین کنٹری کلب میں مچھلی پکڑی جو بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے۔ ویڈیو کے آغاز میں جنوبی افریقہ کا ایک شہری جیک جیکی آتا ہے اور وہ ٹیم کو دکھاتا ہے کہ تالاب سے مچھلی کیسے پکڑ سکتا ہے۔

اس کے بعد یونس خان نے فوری طور پر ماہی گیری میں اپنی شاندار مہارت کو ظاہر کرنے کے لئے ذمہ داریاں سنبھال لیں، انہوں نے جلدی سے ایک بڑی کیٹ فش پکڑی جس کے بعد ٹیم نے خوشی منائی اور ان کی تعریف کی ۔

یونس خان نے کہا کہ اس کو پکڑنے میں ہمیں کچھ وقت لگا، یہ کئی بار ہمارے ہاتھ سے پھسلی کیونکہ یہ ایک نئی جگہ ہے اور ہمیں اس تالاب کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہے،اس کیٹ فش کا وزن 2 سے 3 کلوگرام ہونا چاہئے،اس کے بعد یونس خان نے مچھلی کو تالاب میں واپس چھوڑ دیا ۔ویڈیو میں کپتان بابراعظم کو یہ کہتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مختلف نئی سرگرمیاں کرنا پسند کرتے ہیں۔

بابر نے کہا کہ میں یونس بھائی کے ساتھ نئی چیزوں کا تجربہ کرتا رہتا ہوں اور دو یا تین بار کر چکا ہوں،ہمیں نئی ​​چیزوں کی کھوج کرنی چاہئے تاکہ ہم خود ہی لطف اٹھا سکیں۔اس ویڈیو کو تین گھنٹوں کے اندر 36،000 سے زیادہ افراد نے دیکھا۔ پاکستانی ٹیم 26 مارچ کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے جنوبی افریقہ پہنچی ہے جہاں وہ 2 اپریل سے 16 اپریل تک جوہانسبرگ اور سنچورین میں پروٹیز کے خلاف تین ایک روزہ اور چار ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

PCB

Younis Khan