اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی پروقار تقریب
اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی پروقار تقریب جاری ہے، پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج نے طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا ، فضائی نگہبانوں ، سمندری پاسبانوں اور سرحدوں کے محافظوں نے قوم کا لہو گرمادیا ۔
اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی پریڈ کی پروقار تقریب جاری ہے،جس میں تینوں مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کے دستے شریک ہیں۔
آرمی اسکول آف میوزک کے بینڈ نے ملی نعموں کی دھنیں پیش کرکے یوم پاکستان پریڈ کی تقریب کا آغاز کیا۔
شکر پڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں قومی علم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور 105 فیلڈ ریجمنٹ نے قومی علم کو سلامی دی۔
تقریب میں بری فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امیتاز (ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی ہلال امیتاز (ملٹری)، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری) تشریف لائے۔
غیر ملکی سفیروں اور دیگر سول و اعلیٰ عسکری حکام بھی پریڈ میں شریک ہیں، اس کے علاوہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی پریڈ میں شریک ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے سبب یوم پاکستان پریڈ میں نہیں آسکے۔
بعد ازاں روایتی بگل بجا کر یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصیصدر مملکت عارف علوی کو روایتی بگی میں پریڈ گراؤنڈ پہنچایا گیا ، جس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا اور تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر کو سلامی پیش کی۔
مسلح افواج کی سلامی کے بعدصدرعارف علوی نے گاڑی میں سوار ہو کر پریڈ کاجائزہ لیا،جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی سربراہی میں فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور صدر کو سلامی پیش کی۔
صدر مملکت کی جانب سے پریڈ کے معائنے کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ فلائنگ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور پاک فوج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاکستان کے دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔
سرحدی نگہبان پاک فوج کے بہادر جوان جب روایتی انداز میں سلامی کے چبوترےکے سامنے سے گزرے تو دشمن کے دل لرز اٹھے۔
پاک فضاؤں کے پاسبان اورستاروں کے رازدان شاہینوں کے دستے دیکھ کر دشمن کو 27فروری کا دن یاد آگیا۔
سمندری نگہبان سطح آب سے زیر آب تک دشمن کو خوفزدہ کرنے والوں کا وقار بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔
روایتی پریڈ میں ایف سی اور اے ایس ایف کے بہادر دستے نے پہلی بار شرکت کی،پاک وطن کی شان بہادر خواتین نے بتادیاکہ دشمن ہمیں کم سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔
پریڈ میں چین، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے فوجی دستے بھی شامل تھے۔
اسلام آباد میں آج مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ جڑواں شہروں کے مخصوص علاقوں میں صبح 5بجے سے دوپہر 12بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔
واضح رہےکہ وفاقی دارالحکومت میں خراب موسم کی بنا پر 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ کو ملتوی کرکے 25 مارچ کو پریڈ رکھی گئی۔
Comments are closed on this story.