ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
اسلام آباد:ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے،وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی پیش کی گئی، نمازفجرکے بعد ملکی سلامتی اورخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
آج 23 مارچ 2021 کو ملک بھر میں 81 واں یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، 23 مارچ کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں 31اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں21،21توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا جبکہ پشاور کے کرنل شیرخان اسٹیڈیم میں بھی 21توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
کراچی میں بابائےقوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریبات منعقد کی گئیں۔
ایئروائس مارشل ندیم اخترخان نےمزاراقبال پرپھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی،پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے ہر سال شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے،اس سال بھی مسلح افواج نے پریڈ کیلئے بھرپور تیاریاں کیں، پاک فضائیہ کے طیاروں نے وفاقی دارالحکومت کی فضاؤں میں ریہرسل بھی کی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم میں ٹھنڈک ہوگئی اور درجہ حرارت کم ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق موسم کی صورت حال کے پیش نظر یوم پاکستان کے موقع پرہونے والی پریڈ 23 مارچ کے بجائے اب 25 مارچ کو منعقد کی جائے گی۔
پریڈ میں تینوں مسلح افواج سمیت مختلف اداروں کے دستے حصہ لیں گے،25 مارچ کی پریڈ کا وقت اور مقام وہی ہو گا جو پہلے سے طے شدہ ہے۔
واضح رہے کہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک) میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اور 23 مارچ 1956ء کو پاکستان کا پہلا آئین منظور ہوا تھا۔
Comments are closed on this story.