Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور: افسوسناک واقعہ، مقدس مسجد کو شراب کی بھٹی بنا دیا گیا

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک مقامی مسجد کے کوارٹر میں شراب...
شائع 22 مارچ 2021 09:09am

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک مقامی مسجد کے کوارٹر میں شراب بنانے کا انکشاف ہوا ہے، اس گھناؤنے کام میں ملوث ملزم نعیم عرف نبوں نے جامعہ مسجد حنفیہ غوثیہ کیر کلاں گاؤں کا کوارٹر کرائے پر لے رکھا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان گر فتار کر لیا ہے۔

ملزم نے مسجد کے کوارٹر میں شراب کی بھٹی بنا رکھی تھی۔ ملزم کے خلاف عبادت گاہ کا تقدس پامال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے موقع سے تیار اور خام مال برآمد کیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دو روز قبل کارروائی کی۔ ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے مسجد کے کوارٹر میں اس لیے شراب کی بھٹی بنائی، تا کہ کسی کوشک نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر شراب کی تیاری کے حوالے سے کوئی بھی شک نہیں کر سکتا، بس اِسی وجہ سے انہوں نے مسجد کے کوارٹر میں شراب کی بھٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔

ملزمان نے بتایا کہ وہ ایک عرصہ درازسے یہاں شراب تیار کر رہے ہیں اور مقامی طور پر اِسے فروخت بھی کر رہے ہیں، تاہم مقامی آبادی کے چند افراد نے پولیس میں اِس حوالے سے شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شراب کی بھٹی پر چھاپہ مارا اور ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں غیر قانونی شراب خانوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام ٹھہری ہے۔

اس حوالے سے ایک تازہ واقع مسجد کے کوارٹر میں شراب کی تیاری کے حوالے سے پیش آیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کو غیر قانونی شراب خانوں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان

Mosque