Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے دنیا کے دیگر سربراہانِ مملکت

دنیا میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت بھی کورونا وائرس کا شکار...
شائع 21 مارچ 2021 11:03am

دنیا میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہفتے کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سربراہان مملکت میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

اس سے قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کئی روز تک ہسپتال میں داخل رہے اور انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ بھی منتقل کیا گیا۔

برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے والی عالمی شخصیات میں شامل ہیں۔

برازیل کے صدر بولسنارو اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آچکا ہے جبکہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکخواں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

٭ کن سربراہان مملکت نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے؟

دنیا بھر میں جہاں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں کورونا ویکسین لگوانے کا عمل بھی جاری ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر ویکسین کی 36 کروڑ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

شہریوں میں کورونا ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کے لیے چند سربراہان مملکت نے بھی کورونا ویکسین لگوائی ہے۔

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت میں رہنے والے شہریوں کو کورونا ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کے لیے کورنا ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی ان سربراہان مملکت میں شامل ہیں جنہوں نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لی ہے۔

ان کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لی ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن آکسفورڈ برطانیہ کی تیار کردہ ایسٹرازینیکا ویکسین لگوا چکے ہیں جبکہ ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کو بھی کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔

کورونا ویکسین لگوانے والے سربراہان مملکت میں اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے کورونا ویکسین لگوا کر ملک میں کورونا ویکسین کی مہم کا آغاز کیا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی ہے۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو اور ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنانڈز کورونا ویکسین لگوانے والے سربرہان مملکت میں شامل ہیں۔

بیشتر سربراہان مملکت نے کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان کیا ہے تاہم انہیں کورونا ویکسین کی ملک میں بڑے پیمانے میں دستیابی کا انتظار ہے اور پہلے طبی عملے کے لیے ویکسین کی فراہمی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے اعلان کیا ہے کہ ’وہ کورونا ویکسین لگوائیں گی‘ جبکہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکخواں بھی اپنی باری آنے پر کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان کر چکے ہیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے بھی کورونا ویکسین لگوانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ بھی گذشتہ برس کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔

COVID 19

پاکستان

covid vaccine

World Leaders