Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جاپان کے ساحلی علاقے میاگی میں 7.2 شدت کا زلزلہ

جاپان کے ساحلی علاقے میاگی میں 7.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے...
شائع 21 مارچ 2021 09:19am

جاپان کے ساحلی علاقے میاگی میں 7.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے جزیرے ہونشو کے علاقے میاگی فریکچر میں 7.2 شدت کے زلزلے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور سونامی سے خوفزدہ لوگ گھروں سے دوڑتے ہوئے باہر نکل آئے۔ جاپان کی میٹرولوجیکل ایجنسی نے 7.2 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی الرٹ جاری کردیا ہے، میاگی فریکچر کے رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

زلزلے کا مرکز میاگی کے سمندر کی 60 کلومیٹر گہرائی میں تھی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ریسکیو اور میونسپلٹی اداروں کے اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔ رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے، مقامی میڈیا کے مطابق میاگی سے تاحال کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور مقامی انتظامیہ اس علاقے میں قائم جوہری پلانٹ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

میاگی کا یہ علاقہ جاپان میں زلزلے کا ایپی سینٹرمانا جاتا ہے، ابھی گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے کو زلزلے کے شدید جھٹکوں نے ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ زلزلے سے میاگی، فوکوشیما، ایباراکی، توگیگی، سیتا اما اور چیبا میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔اُس وقت محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری نہیں کیا تھا۔

واضح رہے کہ 11 مارچ 2011 میں جاپان میں دنیا کا چوتھا بڑا زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 9.1 محسوس کی گئی تھی جس کے نتیجے میں آنے والی سونامی سے 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

earthquake

Japan

Tsunami

Nuclear Plant