Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی براہ راست نشریات کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی براہ راست ...
شائع 18 مارچ 2021 03:35pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی براہ راست نشریات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10رکنی فل کورٹ نے کیس پر سماعت کی جس میں جسٹس قاضی فائز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری وکیل نے گزشتہ روز انگریزی زبان بولنے کی بات کی، جب پاکستان بنا تب تین زبانیں تھیں، اردو اورانگریزی کے علاوہ یہاں بنگالی کسی کو نہیں آتی۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح انگریزی میں تقریر کرتے تھے اور قائداعظم کی بات لوگوں کوسمجھ نہیں آتی تھی پھربھی کہتےتھےسچالیڈر ہے، ہماری کابینہ کے لوگوں کو تو عربی نہیں آتی، کیا وہ مسلمان نہیں؟۔

معزز جج نے اپنے دلائل میں کہا کہ بلوچستان کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا گیا ہے، ضیا الحق اور پرویز مشرف کانام لیتے ہوئےہم کانپنا شروع ہوجاتےہیں، وہ دونوں قوم کے نوکر تھے اور ہم ججز بھی قوم کے نوکر ہیں۔

جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ صرف موجودہ کیس میں براہ راست نشریات چاہتا ہوں اور یہ عدالت عظمیٰ کے وقار کا معاملہ ہے، میں نے پورے ملک کی عدالتوں کو براہ راست دکھانے کی درخواست نہیں کی۔

جسٹس قاضی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیرقانون نے موجودہ درخواست کی مخالفت نہیں کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے حکومت صدر اور اٹارنی جنرل کی طرف سے مخالفت کی، دکھانا چاہتا ہوں عدالت سب کو عوامی سطح پر قابل احتساب بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ سب ججز میرے جونیئرز ہیں، عوام سے یہ تاثر مٹاناچاہتا ہوں کہ جونئیر جج سینئر کے خلاف فیصلہ نہیں دیں گے۔

عدالت نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست براہ راست نشر کرنے پر دونوں جانب سے مضبوط دلائل دیئے گئے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت سے مختصر فیصلہ جاری کرنے کی استدعا کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے دلائل مکمل ہونے کےبعد سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

عدالت نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیس کی براہ راست نشریات سے متعلق مختصرفیصلہ دیاجائے گا۔

Supreme Court

اسلام آباد

justice umer ata bandiyal

Justice Qazi Faez Isa