Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل کا شہری علاقوں میں جنگ کیلئے نیا گائیڈڈ مارٹر نظام تیار

اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے ایک نئے گائیڈڈ مارٹر نظام کی تیاری...
شائع 16 مارچ 2021 09:35am

اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے ایک نئے گائیڈڈ مارٹر نظام کی تیاری مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی فوج یہ نیا ہتھیار گنجان آباد شہری علاقوں میں اپنے دشمن کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرسکے گی۔

اسرائیلی حکام کے مطابق ’’آئرن سٹنگ‘‘ (لوہے کی چٹکی) نظام جی پی ایس اور لیزر ٹیکنالوجی دونوں کو استعمال کرے گا۔ اسرائیل کی برّی فوج اس سے دشمن کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا سکے گی اور ان کے نزدیک واقع شہری آبادیوں کو تحفظ مہیّا کیا جا سکے گا۔

اسرائیلی وزیردفاع بینی گینز کا کہنا ہے کہ 'اس نظام سے میدان جنگ میں تبدیلیاں رونما ہوں گی اور ہماری افواج کو زیادہ مؤثر حربی ذرائع دستیاب ہوں گے'۔

اسرائیلی فوج کو حالیہ برسوں کے دوران میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف لڑائی میں چیلنج کا سامنا رہا ہے اور عام شہریوں کی ہلاکتوں پر اس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کڑی نکتہ چینی کی جاتی رہی ہے۔

اس کے علاوہ ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے چیف پراسیکیوٹر نے اسی ہفتے اسرائیلی فوج کے خلاف 2014ء میں غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ جنگ میں جنگی جرائم کے الزامات کی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ اسرائیلی فوج اور حماس کے مزاحمت کاروں کے درمیان لڑائی میں سینکڑوں شہری مارے گئے تھے۔

اسرائیل نے الٹا حماس کو عام فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذمے دار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ حماس کے مزاحمت کار شہری علاقوں سے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کرتے رہے تھے اور صہیونی فوج کی ان کے خلاف جوابی کارروائی میں شہریوں کی شہادتیں ہوئی تھیں۔

لیکن انسانی حقوق کے گروپوں نے اسرائیل کے اس مؤقف کو مسترد کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے جنگجوؤں اور شہریوں کے درمیان فرق کے لیے مناسب حفاظتی احتیاطی تدابیراختیار نہیں کی تھیں۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے ریسرچ ڈویژن میں شعبہ لینڈ سسٹمز کے سربراہ کرنل آصف شطزکین کا کہنا ہے کہ نئے مارٹر نظام سے آرمی کو حماس اور حزب اللہ جیسی تنظیموں کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔ اس سے مختصر فاصلے پر اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا جاسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اہداف کو بالکل درست نشانہ بنانے والے ان مارٹر گولوں سے کسی ضمنی نقصان کے بغیر صرف اور صرف دشمن پر توجہ مرکوز کی جاسکے گی۔ اس نظام کو آئندہ مہینوں کے دوران میں فعال کردیا جائے گا۔'

Hammas

Gaza

Israeli army

Hizbollah

War Crimes