خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 مارچ تک توسیع
لاہور:احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنماء خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26مارچ تک توسیع کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی،لیگی رہنماء خواجہ آصف کو خرابی صحت کے باعث عدالت نہ لایا جاسکا جبکہ جیل حکام نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو پیش کیا جانا چاہیئے تھا، ووٹ ڈالنے تو اسلام آباد چلے گئے تھے۔
خواجہ آصف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا ہرنیا کا آپریشن ہے، اسلام آباد سے واپسی پر مسئلہ بڑھا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کب تک اسپتال میں رہیں گےجس پر خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ دس پندرہ روز میں اسپتال سے آپریشن کے بعد فارغ ہو جائیں گے۔
عدالت نے خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26مارچ تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.