Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

گیلانی کی سینیٹ میں کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

اسلام آباد:الیکشن کمیشن کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی یوسف...
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2021 03:48pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی یوسف رضا گیلانی کے حق میں فیصلہ دے دیا، پیپلز پارٹی کے رہنماء کی سینیٹ میں کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف تحریک انصاف کی درخوست کی سماعت کی۔

وکیل علی نوازاعوان نے دلائل دیئے تو چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ تحریک انصاف نے اس معاملے پرالیکشن کمیشن سے رجوع کررکھا ہے، ابھی انتخابی مرحلہ چل رہا ہے اورالیکشن ایکٹ کے تحت شکایت کے ازالہ کیلئے ابھی متبادل فورم موجود ہیں، عدالت ان تمام فورمز کو نظرانداز کر کے کیسے اس رٹ پٹیشن پرسماعت کرے؟ ۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے مزید ریماکس دیئے کہ آپ ووٹ فروخت کرنے کا الزام لگا رہے ہیں، ان میں تو وہ بھی شامل ہیں جو تحریک انصاف میں سے ہی ہیں،کووارنٹو کی رٹ میں وڈیو کو ثابت کرنا تقریباً ناممکن ہے، کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، پہلے اسی فورم کو استعمال کریں ۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت کو پارلیمنٹ پر اعتماد ہے،ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹیرینز کا احترام کیا ہے ،قانون کی پاسداری کرنا ہم سب پر فرض ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا علی نواز اعوان صاحب ایسی درخواستیں یہاں کیوں لے کر آتے ہیں، غیرضروری طور پر عدالتوں کو سیاسی معاملات لانا ٹھیک نہیں، اس موقع پر یہ رٹ قابل سماعت نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا ۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں کامیابی اور علی گیلانی کی نا اہلی کیلئے تحریک انصاف کی درخوست خارج کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی نوازاعوان کی درخواست خارج کی ۔

Justice Athar Minallah

IHC

اسلام آباد

PPP

Senate election

Yousaf Raza Gilani