Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، 5دہشتگردہلاک

کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کاؤنٹر...
شائع 08 مارچ 2021 09:05am

کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )نے ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 5دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس کو گرفتار دہشتگردوں سے دوران تفتیش معلوم ہوا کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کچھ دہشتگرد مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں اور کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ بنارہے ہیں۔

اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کوئٹہ کی ٹیم نے کارروائی کی اور مکان کا گھیراؤ کرکے دہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا تاہم انہوں نے فورسز پر فائرنگ کی،جوابی فائرنگ میں 5دہشتگرد مارے گئے ۔

مارے گئے دہشتگردوں میں وہ دو دہشتگرد بھی شامل ہیں جنہوں نے سی ٹی ڈی کو ساتھیوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کرائی تھی،کارروائی کے دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشتگردوں کے کچھ ساتھی فرار بھی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت شاہ نظر، عارف مری ، یوسف مری، سمیع اللہ پرکانی اور جمیل احمد پرکانی کے نام سے ہوئی ہے،پانچوں کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی سے تھا اور وہ بلوچستان میں کئی بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث تھے۔

ہلاک دہشتگرد سمنگلی روڈ پر مزدوروں پر دستی بم حملے، ہزار گنجی میں آزاد خان مری پر بم حملے اور کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر دستی بم حملوں سمیت دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بڑی بھاری مقدارمیں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران 3 عدد کلاشنکوف بمعہ 100 زندہ کارتوس ، 10 کلو دھماکاخیز مواد، 3ڈیٹونیٹرز، 2 عدد دھماکاخیز راڈ، 2 دستی بم ، ایک ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور 13 بیٹریاں برآمد کی گئیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے بھی کوششیں شروع کردی ہیں۔

کوئٹہ میں سریاب روڈ اور دیگر علاقوں میں بی ایل اے کے خفیہ ٹھکانوں اور دہشتگردوں کے بارے میں خفیہ ٹھکانے سے اہم معلومات حاصل کرلی گئی ہیں ،جلد ہی ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جائیں گے ،کوئٹہ میں بی ایل اے کے سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات ملی ہیں جو دہشتگردوں کو مدد فراہم کرتے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ایسے سہولت کاروں کے خلاف بھی آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔

بلوچستان

quetta

CTD

operation

Mastung