Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

قوم کی حمایت سے مادر وطن کا تمام خطرات سے دفاع کریں گے، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم کی...
شائع 27 فروری 2021 11:27am

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کریں گے۔

27 فروری 2019 کے روز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کی مناسبت سے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی مسلح افواج کے تجدید عہد کا دن ہے کہ قوم کی حمایت سے تمام خطرات کے خلاف ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کریں گے، یہ ایک قوم کی عددی برتری نہیں بلکہ عزم و حوصلہ تھا کیونکہ پرعزم قوم کا ہمت اور حوصلہ ہی فتح دیتا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ملک اور امن کےلیے کھڑا ہے لیکن وقت آیا تو ہر چیلنج کا جواب بھرپور طاقت سے دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ذمہ دار قوم ہونے کے ناطے ہم نے پورے عزم کے ساتھ بروقت جواب دیا اور پاکستان نے پوری دنیا کو اپنے ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دیا۔ ہم نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیج کر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہم ہمیشہ امن کے لیے کھڑے ہیں اور ہم مذاکرات کے ذریعے تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کا خیر مقدم کرتاہوں۔

٭ 27 فروری 2019 کے واقعے کا پس منظر

14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر خودکش حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، بھارت نے اس کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا تھا جبکہ پاکستان نے انتہائی واضح الفاظ میں ان الزامات کی تردید کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو ’قابلِ عمل معلومات‘ فراہم کرنے کی صورت میں تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی اور ساتھ ہی خبردار بھی کیا تھا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔

26 فروری کو بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں گھس کر بالا کوٹ میں دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ تباہ کرکے سیکڑوں دہشتگردوں کو مار دیا ہے جب کہ حقیقت یہ تھی رات کی تاریکی میں بھارتی طیاروں نے ایک خالی جگہ پر اپنے بم پھینک کر راہ فرار اختیار کی تھی۔

بھارتی در اندازی پر پاکستان نے اس کا بھرپور اور دن کی روشنی میں جواب دینے کا عزم کیا۔ 27 فروری کو جواب دینے کے لیے پاک فضائیہ کے دو جے ایف 17 تھنڈر طیارے بھارتی حدود میں داخل ہوئے۔ بھارتی ایف 16 طیاروں نے پاکستانی طیاروں کے تعاقب میں ایل او سی پار کی اور پاکستانی شاہینوں نے 2 بھارتی طیاروں کو فضا میں ہی مار گرایا۔

پاک فوج کی جانب سے واقعے پر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے۔ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا اور پاک فوج نے ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کرلیا۔

گرفتار بھارتی پائلٹ کی شناخت ونگ کمانڈر ابھی نندن ظاہر کی گئی۔ جسے پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارت کے حوالے کردیا تھا۔

پاکستان

DG ISPR

War

27 February