Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہبازشریف سے یوسف رضا گیلانی کی ملاقات،سینیٹ الیکشن پرتبادلہ خیال

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے سابق...
شائع 24 فروری 2021 01:09pm

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ملاقات ہوئی،جس میں دونوں رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا۔

لاہورکی احتساب عدالت میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ءیوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ایاز صادق ، اعظم نزیر تارڑ، امیر مقام ، مخدوم احمد محمود ، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی شہباز شریف سے گلے ملے اور حمزہ شہباز کی خیریت دریافت کی۔

دونوں رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن اور این اے 75کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا پیغام بھی پہنچایا۔

مجھے نااہل کرانے کی کوشش کرنے والے اب آئین میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں،گیلانی

شہباز شریف سے ملاقات کے بعد احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے نااہل کرانے کی کوشش کرنے والے اب آئین میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں،سینیٹ کیلئے مسلم لیگ نون کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پہلے بھی ماضی کو بھول کر میثاق جمہوریت کیا اور اب بھی مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں،آئین میں تبدیلی صرف پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے۔

شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ،رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ملتوی

لاہور :احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 4مارچ تک ملتوی کردی۔

رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ امجد پرویز کی ہائیکورٹ میں مصروفیت کے باعث آج سماعت ملتوی کردی جائے۔

عدالت نے کہا کہ آپ کی درخواست پر پہلے بھی گواہ کا بیان قلمبند نہیں کیا جاسکا، امجد پرویز تو ہر روز ہائیکورٹ میں مصروف رہتے ہیں، عدالتی کارروائی آپ کے مطابق نہیں چل سکتی،مقدمے کے گواہ سعید احمد ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چنیوٹ کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔

ایڈووکیٹ امجد پرویز کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کی ہائیکورٹ میں مصروفیت کے باعث جج اکمل خان نے شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی بطور ڈیوٹی جج سماعت کی،کیس میں آج کسی بھی گواہ کا بیان قلمبند نہیں کیا جاسکا۔

عدالت نے کیس کی سماعت 4مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو آئندہ سماعت پر بیانات قلمبند کرانے کیلئے طلب کرلیا۔

accountability court

lahore

PPP

shahbaz sharif

Yousuf Raza Gilani