سرفراز احمد نے محمد حفیظ سے مصافحہ نہ کیا؟
لاہور قلندرز کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست کے بعد سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ میچ کے اختتام کے بعد جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے مصافحہ کرنے میں مصروف تھے، تب سرفراز احمد کھلاڑیوں کی جانب آئے تاہم انہوں نے لاہور قلندرز کے محمد حفیظ سے مصافحہ نہ کیا۔
اس ویڈیو کے بعد سرفراز احمد کو خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم کچھ شائقین کرکٹ کا موقف ہے کہ اس معاملے کو جان بوجھ کر ایک تنازعے کی شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ محمد حفیظ اور سرفراز احمد ایک دوسرے کو دیکھ ہی نہیں پائے، اسی لیے وہ مصافحہ نہ کر سکے۔
جبکہ جب تمام کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کر لیا، تو اس کے بعد میدان سے باہر جاتے ہوئے سرفراز احمد نے محمد حفیظ کو عزت دینے کی کوشش کی اور انہیں میدان سے باہر جاتے ہوئے کھلاڑیوں کو لیڈ کرنے کا کہا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل 6 کے تیسرے روز 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کے باعث کوئٹہ کی ٹیم کو باآسانی زیر کر لیا۔
فخر زمان کی جانب سے 82 جبکہ محمد حفیظ کی جانب سے 73 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگ کھیلی گئی۔ اس فتح کے بعد لاہور قلندرز پوائنٹ ٹیبل پر پہلے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخری نمبر پر چلی گئی۔ لاہور قلندرز نے اب تک کھیلے گئے اپنے دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے۔
Comments are closed on this story.