Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیپال اور سری لنکا میں بھی بی جے پی کی توسیع کا فیصلہ

گزشتہ اتوار، ریاست تری پورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب دیو نے اگرتلہ میں...
شائع 18 فروری 2021 09:23am

گزشتہ اتوار، ریاست تری پورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب دیو نے اگرتلہ میں پارٹی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کو پڑوسی ملک نیپال اور سری لنکا میں بھی وسعت دینے کے منصوبے پر کام ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب امیت شاہ پارٹی کے صدر تھے اس وقت انہوں نے اپنے اس منصوبے کو ان کے ساتھ شیئر کیا تھا۔

نیپال نے بھارتی وزیر داخلہ سے منسوب اس بیان پر سخت اعتراض کیا ہے جس میں بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کو پڑوسی ملک نیپال اور سری لنکا تک پھیلانے کی بات کہی گئی ہے۔

نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ گیاوالی نے منگل کے روز کہا کہ اس سلسلے میں ان کے ملک نے بھارت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا، 'حکومت نے میڈیا کی خبروں کا نوٹس لیا ہے اور اس بارے میں نیپال نے اپنے اعتراضات باضابطہ طور پر بھارتی حکومت تک پہنچا دیے ہیں۔'

نئی دہلی میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں نیپالی سفیر نیلم بار آچاریہ نے اس بارے میں بھارتی حکومت کو نیپال کی ناراضگی سے بھی آگاہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا میں بھی یہ خبریں شائع ہوئی ہیں کہ نئی دہلی میں نیپالی سفیر نے بھارتی وزارت خارجہ کے حکام سے فون پر بات کی ہے۔

تفصیل کے مطابق بپلب دیب کا کہنا تھا،'ہم اگرتلہ میں ریاستی گیسٹ ہاؤس میں بات چيت کر رہے تھے اسی دوران پارٹی کے ریاستی رہنما اجے جموال نے کہا کہ بیشتر ریاستوں میں تو بی جے پی ہی کی حکومت ہے۔ اس کے جواب میں امیت شاہ نے کہا تھا، ابھی نیپال اور سری لنکا باقی ہیں۔ ہمیں نیپال اور سری لنکا میں بھی پارٹی کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں وہاں بھی جیت حاصل کرنی ہے۔'

نیپال کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی اور حزب اختلاف کی اہم جماعت نیپالی کانگریس نے امیت شاہ سے منسوب اس بیان پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کا بیان نیپال کی خود مختاری اور اس کی سالمیت کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سری لنکا کی حکومت نے بھی اس بارے میں بھارت سے بات چیت کی ہے یا نہیں۔

٭ بی جے پی کے عزائم کیا ہیں؟

نئی دہلی میں بھارتی جنتا پارٹی سے جب اس بیان کے بارے میں یہ سوال کیا گيا کہ آیا بی جے پی کو پڑوسی ممالک میں وسعت دینے کا مطلب کیا ہے تو پارٹی نے اس پر تبصرہ کرنے سے منع کر دیا۔

لیکن تری پورہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے وزیر اعلی کے بیان کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ وہ بی جے پی کہ طویل مدتی نظریاتی عزائم کے بارے بات کر رہے تھے۔

تری پورہ میں بی جے پی کے ترجمان نبیندو بھٹّا چاریہ کا کہنا تھا، 'ہم نے اپنے بھارتی فلسفے اور ثقافت کو مختلف ممالک میں وسعت دینے کا کام طویل عرصے سے شروع کر رکھا ہے۔ ہم کبھی یہ نہیں سمجھتے کہ انتخابی مقابلوں میں ہی حصہ لینا ہی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ ہم ہر جگہ لوگوں کو جیتنے پر غور و فکر کر رہے ہیں۔'

بی جے پی ترجمان کا کہنا تھا کہ کانگریس اور کمیونسٹ پارٹیاں تو عالمی سطح پر موجود ہیں اور اسی کی طرز پر جیسے نیپالی کانگریس یا پھر کمیونسٹ پارٹی ہے بی جے پی کے نظریات کو فروغ کیوں نہیں دیا جا سکتا۔

نبیندو بھٹّا چاریہ کا کہنا تھا، 'ہمارا یقین یہ ہے کہ بھارتی تہذیب و ثقافت اور فلسفہ سب سے بہتر ہے اور اسی کو ہم دوسرے ممالک تک پھیلانا بھی چاہتے ہیں۔ ہم صرف سیاسی عزائم کے لیے ہی کام نہیں کرتے ہیں اور جو بپلب دیب نے کہا ہے اس کا یہی مطلب ہے۔ اس میں غلط کیا ہے؟'

بھارت میں دائیں بازو کی سخت گیر ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی نہ صرف مرکز بلکہ بیشتر ریاستوں میں بھی حکومت ہے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں اور حقوق انسانی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مودی کے زیر قیادت بی جے پی حکومت سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، جس سے ملک کی سیکولر شبیہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

Narendra Modi

Nepal

BJP

Sri Lanka