Aaj News

اتوار, دسمبر 15, 2024  
13 Jumada Al-Akhirah 1446  

فرانس میں مسلمانوں کے خلاف متنازع قانون کی پارلیمانی منظوری

فرانسیسی پارلیمان کے ایوان زیریں نے مسلم انتہا پسندی کے خلاف ...
شائع 18 فروری 2021 09:08am

فرانسیسی پارلیمان کے ایوان زیریں نے مسلم انتہا پسندی کے خلاف نئے ملکی قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اس قانون کا مقصد مسلم مذہبی گروہوں کی طرف سے فرانس کے سیکولر ریاستی تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

نئے قانون پر اس لیے بہت زیادہ تنقید کی جا رہی تھی اور اب بھی کی جا رہی ہے کہ یہ مسلمانوں کو ایک مذہبی اور سماجی برادری کے طور پر بالکل الگ تھلگ کر دیتا ہے۔ اس قانون کے تحت فرانسیسی ریاست کو ایسے نئے وسیع تر اختیارات مل جائیں گے، جن کی مدد سے مسلمانوں کی اظہار رائے کی آزادی بھی متاثر ہو سکتی ہے اور ان کی نمائندہ مذہبی تنظیموں کی سرگرمیوں کو بھی محدود کیا جا سکتا ہے۔

اس مسودہ قانون پر پیرس کی قومی اسمبلی میں رائے شماری کل منگل کی شام ہوئی، جس میں اراکین پارلیمان نے واضح اکثریت کے ساتھ اس قانون سازی کی حمایت کر دی۔ اس مسودے کی صدر ایمانوئل ماکروں کی مرکزیت پسند جماعت کے اراکین کی طرف سے تقریباﹰ یک زبان ہو کر حمایت کی گئی۔ رائے شماری میں 347 اراکین نے اس قانونی بل کی حمایت کی، 151 نے مخالفت جبکہ 65 ارکان نے اپنی رائے محفوظ رکھی۔

فرانسیسی پارلیمان کے قومی اسمبلی کہلانے والے ایران زیریں میں صدر ماکروں کی جماعت کو اکثریت حاصل ہے اور اب یہ مسودہ قانون منظوری کے لیے ایوان بالا یا سینیٹ میں بھیجا جائے گا، جہاں ماکروں کی سیاسی پارٹی کی اکثریت نہیں ہے۔

اس مسودہ قانون کے بارے میں ملکی وزیر داخلہ جیرالڈ دارماناں نے نشریاتی ادارے آر ٹی ایل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کل منگل ہی کے روز کہا، 'یہ مجوزہ قانون سازی ایک بہت بڑی سیکولر پیش رفت ہے۔ مسودے کے متن کی زبان بہت سخت ہے، لیکن یہ فرانسیسی جمہوریہ کے لیے ناگزیر ہے۔'

اس مجوزہ قانون پر فرانسیسی مسلمانوں اور ان کی نمائندہ تنظیموں کی طرف سے شدید تحفظات ظاہر کیے گئے تھے مگر بعد ازاں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے والی فرانسیسی مسلمانوں کی مرکزی تنظیم کی طرف سے اس پر رضا مندی کا اظہار بھی کر دیا گیا تھا۔

اس قانون کی 70 سے زائد مختلف شقیں ہیں۔ ان شقوں میں یہ بھی شامل ہے کہ ریاست کے اختیارات میں اتنا زیادہ اضافہ کر دیا جائے گا کہ ملکی حکام ناصرف مسلم مذہبی اسکولوں اور عبادت گاہوں کو بند بھی کر سکیں گے بلکہ انتہا پسندانہ نظریات کی تبلیغ کرنے والے مبلغین پر پابندی بھی لگائی جا سکے گی۔

اس قانون کے تحت مسلم مذہبی گروہوں کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ خود کو بیرون ملک سے ملنے والی بڑی رقوم سے حکام کو آگاہ کریں اور ساتھ ہی اپنے رجسٹرڈ بینک اکاؤنٹس کی تصدیق بھی کروائیں۔

اس قانون میں یہ شق خاص طور پر اس لیے رکھی گئی ہے کہ پیرس حکومت اس حوالے سے پائی جانے والی تشویش کا سدباب کر سکے کہ ملک میں مسلمانوں کی مساجد کو ترکی، قطر اور سعودی عرب جیسے ممالک کی طرف سے رقوم مہیا کی جاتی ہیں۔

France