حلیم عادل شیخ 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی:انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور جمعے کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو بکتر بند گاڑی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔
عدالت میں پولیس نے 6مقدمات میں 30روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔
حلیم عادل کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نہیں بنتا لہٰذا ریمانڈ کی درخواست مسترد کی جائے۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئےحلیم عادل، غلام مصطفیٰ، عبدالحسیب، محمود اور رمضان کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پولیس کو ملزمان کو جمعے کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیاکہ میرے ساتھ بلاول بھٹواوروزیراعلیٰ سندھ کی خواہش پرسب کچھ کیاجارہا ہے ، فائرنگ ہم پرہوئی اورگرفتار بھی ہم ہوئے ،وزیراعلیٰ نے قتل کرانے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو الیکشن کمیشن کی شکایت پر گرفتار کیاگیا تھا ۔
Comments are closed on this story.