Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ایس ایل 6: تماشائیوں کو سٹیڈیم میں کن باتوں کا خیال رکھنا ہوگا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں 20...
شائع 17 فروری 2021 09:21am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں 20 فیصد تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سٹیڈیم میں آنے والوں کو ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرنا ہو گی۔

این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز درج ذیل ہیں۔

*** حفظان صحت**

صابن اور پانی سے 20 سیکنڈز تک ہاتھ دھوئیں۔

ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ (ستر فیصد الکوحل والی یا متبادل)

چھینکتے یا کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں، اس کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں۔

چہرے اور ناک کو چھونے سے گریز کریں۔

سٹیڈیم کے اندر تھوکنے پر پابندی ہے۔

سٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے ماسک پہننا لازمی ہو گا جبکہ سٹیڈیم میں ماسک بھی دستیاب ہوں گے۔

*** ضابطہ اخلاق**

ماسک کے بغیر سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سٹیڈیم میں داخلے اور سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپے رکھیں۔

سٹیڈیم میں موجود عملے سے اپنے سٹینڈز میں داخلے کی جگہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں۔

کورونا کی کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو سٹیڈیم کا رخ مت کریں۔

اگر سٹیڈیم میں بیٹھے آپ کو کورونا کی کوئی بھی علامات ظاہر ہو تو براہ کرم فوری طور پر وہاں موجود انتظامی عملے کو مطلع کریں۔

سٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے سماجی فاصلے کا مکمل خیال رکھیں اور بائیو سکیور ببل میں موجود کسی بھی فرد سے دور رہیں۔

ریسٹ رومز یا سٹیڈیم سے باہر نکلنے کے علاوہ ہر وقت اپنی نشست پر موجود رہیں۔

ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز کریں۔

کھانسی یا چھینکتے وقت اپنے چہرے کو ڈھانپ لیں۔

*** بیت الخلا کی سہولت**

ایک وقت میں تین افراد سے زائد بیت الخلا کے لیے مخصوص جگہ کی طرف نہیں جا سکیں گے۔ وہاں موجود سکیورٹی گارڈز اس کو یقینی بنائیں گے۔

باقاعدگی سے ہاتھ دھوئیں۔

*** سیٹوں میں فاصلہ**

دو افراد یا ہر گروپ کے درمیان دو سیٹوں کا فاصلہ ہو۔

کوئی بھی گروپ صرف ایک گھر میں رہنے والے افراد پر مشتمل ہو سکے گا، تاہم سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہو گا۔

دو قطاروں کے درمیان ایک قطار خالی رکھنا ضروری ہے۔

دوسری طرف پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ’وہ پی سی بی کی طرف سے وزارت صحت اور این سی او سی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کی مدد کے بغیر ہمارے لیے پی ایس ایل 2021 میں شائقین کو سٹیڈیم لانا ممکن نہ تھا۔‘

سلمان نصیر نے امید ظاہر کی ہے کہ ’شائقین کرکٹ این سی او سی کے فیصلے کا احترام کریں گے اور سماجی فاصلے سے متعلق تمام پروٹوکولز پر عمل درآمد کریں گے جس کی بنیاد پر ہی ایونٹ کے آخری چار میچز میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ ہو گا۔‘

NCOC

پاکستان

psl 6

Tickets