Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپوزیشن کو ٹف ٹائم نہیں دے رہے،وہ جیسا کریں گے ہم ویسا کریں گے،شیخ رشید

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کوئی...
شائع 04 فروری 2021 02:20pm

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے،وہ جیسا کریں گے ہم ویسا کریں گے،سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، فضل الرحمان کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا چاہیئےتاکہ جمہوریت مضبوط ہو۔

راولپنڈی میں کشمیر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر جگہ کشمیر کا مثالی کیس لڑا ،بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مودی کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے، ہم نے کشمیرکوآزاد کرانا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے اوپن ووٹنگ میں اپوزیشن کو حصہ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ روز ایسے مواقع نہیں آتے، سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، ممبر میں جرات ہو وہ سینہ تان کر ووٹ دے سکے، سینیٹ انتخابات جمہوریت کو مزید مضبوط کریں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ تحاریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، جو مذاکرات کے دروازے بند کرتے ہیں وہ جمہوریت کو ڈی ریل کرتے ہیں، اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے،وہ جیسا کریں گے ہم ویسا کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے غصے میں کافی حد تک کمی ہوئی، کوشش ہے ایسا ہی رویہ رکھیں جیسا پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر رکھا۔

PDM

opposition

Interior Minister

Sheikh Rasheed