Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جماعت اسلامی آج کراچی میں 50 مقامات پر احتجاج کریگی

جماعت اسلامی آج بروز ہفتہ 30 جنوری کراچی کے 50 مقامات پر احتجاج...
شائع 30 جنوری 2021 12:13pm

جماعت اسلامی آج بروز ہفتہ 30 جنوری کراچی کے 50 مقامات پر احتجاج کرکے دھرنا دے گی۔ مہم کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کریں گے۔

ادارہ نور حق میں جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ جماعت اسلامی 50 مقامات پر احتجاجی دھرنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہم اپنے حقوق کیلئے باہر نکل رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے احتجاج اور دھرنے کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانگی برقرار رکھنے کیلئے متعدد پوائنٹس پر متبادل روٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ دھرنا اور احتجاج کا سلسلہ آج شام 4 بجے شروع ہوگا، جو رات گئے تک جاری رہے گا۔ امیر کراچی جماعت اسلامی سمیت دیگر رہنما مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے جاری پروگرام کے مطابق ضلع وسطی میں ڈالمن مال حیدری، امتیاز اسٹور ناظم آباد، ناگن چورنگی، و دیگر علاقے شامل ہیں۔

ضلع شمالی میں کے 4 چورنگی، سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، الآصف اسکوائر، سہراب گوٹھ شامل ہیں۔

ضلع شرقی میں ملینیم شاپنگ مال، جوہر موڑ، جوہر چورنگی، صفورہ چوک و دیگر علاقے شامل ہیں، جب کہ ڈسکو بیکری گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر، پر بھی دھرنا دیاجائیگا۔

ضلع جنوبی میں ماڑی پور روڈ، لیاری نزدیک غلامان عباس اسکول، گارڈن، آگرہ تاج، و دیگر شامل ہیں۔

ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن 5نمبر، شیل پیٹرول پمپ، فقیر کالونی و دیگر مقامات پر دھرنے دیئے جائینگے۔،

ضلع ملیر میں اسپتال چورنگی، بھینس کالونی، ڈی سی آفس، لعل آباد موڑ، سمیت مختلف مقامات پر دھرنا ہوگا۔

شاہراہ قائدین نزدیک نورانی کباب، لسبیلہ چوک، پرانی سبزی منڈی، شاہ ژوب ہوٹل پر بھی دھرنا دیا جائیگا۔

حافظ الرحمان کے مطابق کراچی میں درست مردم شماری، کوٹہ سسٹم کے خاتمے، نوجوانوں کو روزگار دینے، با اختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور شہر کے مسائل کے حل کیلئے ہم حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں باہر نکلیں گے۔

جمعہ کے روز جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران نے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور ذمہ داران اور کارکنوں پر زور دیا گیا کہ 30جنوری کو ہونے والے دھرنوں کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور بھرپور منصوبہ بندی کی جائے۔

قبل ازیں حق دو کراچی کو” مہم کے سلسلے ميں احتجاج اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ کراچی دشمنی پیپلزپارٹی کے خمیر میں موجود ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی سے لینا جانتی ہے، لیکن کچھ دینا نہیں جانتی۔

انہوں نے اس موقع پر پی پی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کراچی دشمنی پر اپوزیشن اور حکمران جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی مسائل اور حقوق کی بحالی کیلئے مختلف اوقات میں دھرنوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

karachi

protest

Jamat e Islami