Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

'ایم کیو ایم جیسی جماعت کو آج تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا؟'

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کیا...
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2021 12:12pm

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کیا وزیر اعظم عمران خان کی حمایت پر ایم کیو ایم کو بچایا جا رہا ہے؟

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متنازع مردم شماری کو قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سب کہہ چکے ہیں کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل کے حل نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہیں جبکہ نادرا کہہ چکا ہے کہ کراچی کے 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد شناختی کارڈ کا ڈیٹا موجود ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آبادی کو درست شمار نہ کیا گیا تو عوام انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں، مردم شماری پر جان دینے کو بھی تیار ہیں۔

مصطفی کمال نے مزید کہا کہ سندھ میں وفاق کے نمائندوں سے بڑا کوئی احمق نہیں، یہ سو کر اٹھے تو انھیں اقتدار مل گیا۔ را کے ایجنٹ حکومت کے اتحادی بنے ہوئے ہیں۔

سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ جو عمران خان کا مخالف ہے تو نیب کا لیٹر آئے گا، حکومت یو ٹرن میں ماسٹر ہے، گنتی پر بھی ٹرن لے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری آبادی تعداد کی نسبت سے کم شمار کی گئی ہے۔ وفاقی احمقوں کو اقتدار کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جیسی جماعت کو آج تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا؟ کیا عمران خان کی حمایت پر ہی صرف ایم کیو ایم کو بچایا جا رہا ہے؟

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ پانی سر سے گزر گیا تو پھر نہیں کہنا مصطفیٰ کمال نے کیا کیا۔

MQM

PSP

mustafa kamal