Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اثاثہ جات کیس:خواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع

لاہور :احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ...
شائع 13 جنوری 2021 02:21pm

لاہور :احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءخواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے لیگی رہنما ءخواجہ آصف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔

نیب پراسکیوٹر نے خواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 15روزہ توسیع کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خواجہ آصف نے بیرون ملک جس کمپنی میں ملازمت کی وہاں کی تنخواہ کس اکاؤنٹ میں وصول کی اس کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہے، ملزم کے بیرون ملک 4اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرنی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملزم دستاویزات یا جواب نہیں دینا چاہتا تو نقصان تو ملزم کا ہوگا، آپ آگے چلیں۔

خواجہ محمد آصف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ تمام دستاویزات نیب کے حوالے کر دی ہیں، جو موجود نہیں وہ کہاں سے لا کر دیں،ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت نے خواجہ آصف کی فیملی کو ملاقات کی اجازت دے دی۔

accountability court

lahore

Khuwaja Asif

remand