ویسپا یوتھ کپ کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 3 مرحلوں میں مکمل ہوگا
کراچی: ویسپا یوتھ کپ کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، ایونٹ 22 جنوری سے 7 فروری تک تین مرحلوں میں مکمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔ ایونٹ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا۔
ایونٹ کا پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔ اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کیلئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پہلی بار چیمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہوگا۔
پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے، اسی وجہ سے اس ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے۔
ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب کی سربراہی میں انتہائی ماہر ٹیکنیکل ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ ویسپا نے پاکستان کے حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
چیمپیئن شپ کی پوری انتظامی ٹیم کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ اس چیمپئن شپ میں 5 براعظموں کے 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ہر ٹیم 6 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔
پہلی بار یہ چیمپیئن شپ انفرادی کے بجائے ٹیم فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جو راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔
ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ چیمپیئن شپ کیلئے کراچی میں PharmEvo کے گیسٹ ہاؤس میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جہاں انتظامی عملے کیلئے اسکریبل کا کمرہ، کمنٹری باکس اورہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور مانیٹرنگ آلات کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
ٹیکنیکل ٹیم ویب کیم کے ذریعے تمام گیمز کی نگرانی کرے گی، چند منتخب میچز کو کمنٹری کے ساتھ لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔ دنیا کے بہترین اسکریبل کمنٹیٹرز امریکا کے ول اینڈرسن اور جیسے ڈے انگلش جبکہ پاکستانی شائقین کیلئے وسیم کھتری اور دانیال ثناء اللہ اردو میں کمنٹری کریں گے۔
پاکستان چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ ایونٹ کیلئے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم کا اعلان 17 جنوری کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.