نیب اور امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے درمیان سمجھوتے پر وفاق کو نوٹس جاری
اسلام آباد:قومی احتساب بیور (نیب)اور امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے درمیان سمجھوتے پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت دفاع، خارجہ اور قانون کے سیکریٹریز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نیب اور امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے درمیان سمجھوتے کالہ ف درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل طارق اسد پیش ہوئے تو وفاق کی نمائندگی ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب کو ایف بی آئی سے ہی تربیت کیوں چاہیئے۔
جسٹس عامر فاروق نے ایم او یو سے متعلق معلوم کرتے ہوئے سمجھوتے کی کاپی کا پوچھا تو وکیل نے کہاکہ کابینہ نے ایم او یو کی منظوری دے دی، وجوہات معلوم نہیں ، ایف بی آئی کے ساتھ اس طرح سمجھوتے کی منظوری پاکستان کے قوانین کی خلاف ورزی ہے،اگرعدالت ایم او یو منگوا لے تو ہی پتہ چل سکتا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر ہدایات لےکر عدالت کوآگاہ کرنے کا بھی کہہ دیا اورسماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
وفاقی کابینہ نے 26 دسمبر کو نیب اور ایف بی آئی کے درمیان سمجھوتے کی منظوری دی تھی۔
Comments are closed on this story.