Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پورے ملک کی ڈکیتیاں ایک طرف اور یہ مقدمہ ایک طرف ہے ،سپریم کورٹ

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی...
اپ ڈیٹ 06 جنوری 2021 12:53pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی نے ریمارکس دیئے کہ پورے ملک کی ڈکیتیاں ایک طرف اور یہ مقدمہ ایک طرف ہے ،لوگوں کوسردرد کی دوائی تک نہیں مل رہی،ایسے حالات میں کرپشن کے ملزمان کیلئے دل کیسے بڑا کریں؟ ۔

جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ملزم کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا عدالت ملزمان کیساتھ ہونے والی ذیادتی کو بھی دیکھے، جس پرجسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی نے کہا کہ آپ چوری ڈکیتی کے ملزمان کے مقدمات کے حوالے دے رہےہیں،جو ڈکیتی ملک کے ساتھ ہورہی ہمیں اس کی فکرہے،ملک میں لوگوں کوسردرد کی دوا تک نہیں مل رہی،ایسے حالات میں کرپشن ملزمان کیلئے دل کیسے بڑا کریں؟۔

جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے ملزمان پرہلکا ہاتھ کیوں رکھیں؟ آرٹیکل 10 اے کی غلط تشریح کی جا رہی ہے،ضمانت تب ہی ملتی ہے جب ٹھوس شواہد نہ ہوں جبکہ لیاقت قائم خانی کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ لیاقت قائم خانی پرصرف اعتراف نہ کرنے کا الزام ہے، 70 سالہ لیاقت قائم خانی15ماہ سے جیل میں ہیں۔

جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے کہا کہ لیاقت قائم خانی زمین منتقل نہ کرتے تواربوں کا سکینڈل نہ بنتا، پورے ملک کی ڈکیتیاں ایک طرف اوریہ مقدمہ ایک طرف ۔

عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

Supreme Court

islambad