Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

'جعلی حکومت نیب کو آلہ کار کے طور پر استعمال کررہی ہے'

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور لیگی رہنما مریم نواز...
شائع 30 دسمبر 2020 10:53pm

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور لیگی رہنما مریم نواز کے درمیان ملاقات میں خواجہ آصف کی گرفتاری سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نیب کو بطور آلہ استعمال کررہی ہے۔

مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد ضرری سمجھا کہ مریم سے مشاورت کروں، گزشتہ رات نوازشریف نے فون پر مجھ سے بات کی تھی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کہا کہ مریم سے ملاقات کے دوران آپ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں، کھانا کھانے کے بعد اسکے ذائقے پر بھی بات ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ یکم کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس لاہور میں ہوگا، اس اجلاس کے موضوعات کے حوالے سے بات ہوئی، کسی کی بھی جو سوچ یا تجویز ہے اسکا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بڑا مثبت قسم کا رویہ سامنے آیا ہے، پی ڈی ایم اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔

اس موقعے پر مریم نواز نے کہا کہ مولانا نے بہت اچھا کھانا کھلایا، بہت ہی شاندار کھانا تھا، مولانا فضل الرحمان میاں صاحب بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات میں شامل ہوئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول نے کہا کہ سی ای سی کی سفارشات پی ڈی ایم کے سامنے رکھیں گے، پہلے ہم انہیں موقع دیں گے کہ وہ اپنی سب باتیں رکھیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرے گی، مفروضات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی، پہلے خود بلاول بھٹو کو سننا چاہوں گی، ایک بار بلاول کا موقف انہی کی زبانی سامنے آنا چاہئے۔

لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ پہلے سے کوئی قیاس آرائی مناسب نہیں ہوگی، خواجہ آصف کی گرفتاری انتقامی سیاست کا تسلسل ہے، جعلی حکومت نیب کو بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے، خواجہ آصف کی گرفتاری کیخلاف عملی طور پر رد عمل کیلئے مشاورت کریں گے۔

PML N

Maryam Nawz

NAB

PDM

JUI F leader

Maulana Fazlur Rehman

Khawaja Asif

CEC